ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / آل انڈیا بینک آفیسرز کنفیڈریشن کا بڑا اقدام، ہفتہ میں 5 دن کام کے مطالبے پر تحریک کی تیاری

آل انڈیا بینک آفیسرز کنفیڈریشن کا بڑا اقدام، ہفتہ میں 5 دن کام کے مطالبے پر تحریک کی تیاری

Thu, 05 Dec 2024 10:56:57  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 5/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) آل انڈیا بینک آفیسرز کنفیڈریشن (اے آئی بی او سی) نے ہفتہ میں 5 دن کام کرنے کے مطالبے پر ایک بڑی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تنظیم کے جنرل سکریٹری روپم رائے نے ’نیوز 18‘ کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس مطالبے کو تسلیم کرنے کا کوئی مثبت اشارہ نہیں ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جلد ہی اس تجویز پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ان کی تنظیم دیگر بینک یونینز کے ساتھ مل کر زبردست احتجاج کی تیاری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ میں 5 دن کام کرنے کا مطالبہ کافی عرصے سے زیر التوا ہے، لیکن وزارت خزانہ کی جانب سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔

انڈین بینکس ایسوسی ایشن (آئی بی اے) اور ملازم یونینز کے درمیان ہفتہ میں 5 دن کام کرنے کے حوالے سے پہلے ہی اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ اس تجویز کو مارچ 2024 میں 9ویں مشترکہ نوٹ پر دستخط کے ساتھ حتمی شکل دی گئی تھی۔ اس تجویز میں ہفتہ اور اتوار کو چھٹی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ حالانکہ ابھی تک حکومت کی جانب سے اس کو منظوری نہیں دی گئی ہے۔ یونینز نے یقین دلایا ہے کہ ہفتہ میں 5 دن کام کرنے سے بینک صارفین کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ نئے نظام میں کام کے اوقات 40 منٹ بڑھ جائیں گے۔

ہفتہ میں 5 دن کام کرنے کی تجویز منظور کر لی جاتی ہے تو بینک برانچ کے کھلنے اور بند ہونے کے اوقات میں بھی تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ ایسا اس لیے کیا جائے گا کہ بینک صارفین کو بینک کی خدمات زیادہ وقت تک مل سکے۔ فی الحال بینک پیر سے ہفتہ تک کام کرتے ہیں (ماہ کے دوسرے اور چوتھے ہفتہ کے دن کو چھوڑ کر)۔ نئی تجویز کی منظوری کے بعد ہفتہ اور اتوار کو بینک کے تمام برانچز بند رہیں گے۔ اگر حکومت اس تجویز کو منظوری دے دیتی ہے تو اسے نیگوشی ایبل انسٹرومنٹ ایکٹ کے سیکشن 25 کے تحت نافذ کیا جائے گا۔


Share: